کوالالمپور( ویب ڈیسک) ملائیشیا کے پہاڑوں اور جنگلوں کے درمیان دنیا کی طویل ترین واٹر سلائیڈ عوام کیلئے کھول دی گئی ہے ۔ ملائیشیا کے گھنے جنگل میں بنائی گئی اس230فٹ بلند واٹر سلائیڈ کی لمبائی 3,645فٹ ہے جس کے ایک سرے پر بیٹھ کر منچلے سلائیڈ پر پھسلتے ہوئے ایک خوبصورت گھنے جنگل سے گزریں گے اور چار منٹ تک سلائیڈ کے مزے لیتے ہوئے ایک بڑے سوئمنگ پول میں اتریں گے ۔ یہ سلائیڈ اتنی اونچی ہے کہ اس کے پہلے سرے سے پورا پارک دکھائی دیتا ہے ۔ کمپنی کے مطابق سلائیڈ بناتے وقت درختوں اور قدرتی ماحول کا خیال رکھنا ہی ایک سب سے بڑا چیلنج تھا یہی وجہ ہے کہ کوئی درخت نہیں کاٹا گیا اور کئی جگہ انہیں بچانے کے لیے سلائیڈ کو موڑا گیا ہے ۔ اسی طرح پانی پہنچانے کے لیے بھاری مشینری کے بجائے قدرتی ذرائع استعمال کیے گئے ہیں۔ اس نئی طویل ترین واٹر سلائیڈ کا نام گنیز بک میں بھی شامل کرلیا گیا ہے ۔ اس سے قبل سب سے طویل واٹر سلائیڈ نیوجرسی کے ایکشن پارک میں ہے جس کی لمبائی 1,984فٹ ہے ۔