فیصل آباد(نمائندہ خصوصی)مدینہ فاؤنڈیشن کے چیئرمین میاں محمد حنیف، 92 نیوز کے سی ای او میاں محمد رشید اور میاں محمد عثمان کے والد محترم معروف صنعت کار اور سچے عاشق مدینہ منورہ حاجی محمد سلیمؒ، ان کے چچا حاجی محمد رفیقؒ اور حاجی نثار احمدؒ مدفونین جنت البقیع شریف کی ارواح کے ایصال ثواب کیلئے سیدنا امیر حمزہ مسجد یونیورسٹی ٹاؤن سرگودھا روڈ فیصل آباد میں محفل پاک منعقد ہوئی جس میں درگاہ کرمانوالی سرکار سے پیر سید شوکت علی شاہ، پیر سید محمد نبیل الرحمٰن جبکہ دیگر درگاہوں سے پیر سید محمد ظفر اللہ شاہ، علامہ ضیاء المصطفیٰ نوری، حافظ محمد صدیق، محمد جنید اقبال، محمود الحسن اشرفی، خاور نقشبندی، حسان خورشید سمیت ملک بھر سے مختلف خانقاہوں کے گدی نشین، علمائے کرام، مشائخ، عمائدین روحانی و سماجی شخصیات، معروف نعت خواں حضرات، شہر بھر کی سماجی، مذہبی و کاروباری شخصیات، قریبی رفقائے کار اور عزیز اقارب سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد شرکت کی، محفل میں نقابت کے فرائض 92 نیوز کے مقبول پروگرام صبح نور کے میزبان جنید اقبال اور مفتی محمد فاروق القادری نے سر انجام دئیے ، اس موقع پر درگاہ حضرت غوث اعظم رحمۃ اللہ علیہ بغداد شریف کے سجادہ نشین سید خالد عبدالقادر الگیلانی نے ویڈیو لنک خطاب کیا اور کہا کہ ہمیں دنیا کے فائدے بھول کر آقائے دو جہاں حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی غلامی اختیار کرنی چاہئے اور دین اسلام کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر اپنی زندگیوں کو سنوارنا ہوگا، حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ہمیں ایک ضابطہ حیات دیا ہے جس پر عمل پیرا ہونے میں دنیا اور آخرت کی کامیابی ہے ، انہوں نے مدفونین جنت البقیع شریف حاجی محمد سلیمؒ، حاجی محمد رفیقؒ اور حاجی نثار احمدؒ کی خدمات اور اعلیٰ وصف پر خراج عقیدت پیش کرتے کرتے ہوئے کہا کہ وہ آپ سچے عاشق رسول تھے اور آپ نے تمام زندگی اطاعت اللہ اور اطاعت رسول ﷺ میں گزاری جو کہ آپ کی کامیابی کا اصل راز ہے ، دیگر شرکاء کا کہنا تھا کہ مدفونین جنت البقیع شریف حاجی محمد سلیمؒ، حاجی محمد رفیقؒ اور حاجی نثار احمدؒ انتہائی سچے اور کھرے عاشقان رسول تھے جنہوں نے ساری زندگی عشق خدا اورعشق رسول میں گزاری اور ہمیشہ لوگوں کے ساتھ فراخدلی، عزت و توقیر اور ہمدردی سے پیش آتے تھے ، وہ غریبوں اور مسکینوں کیلئے مسیحا کا روپ تھے جنہوں نے اللہ کے فضل سے حق اور سچائی کے راستے پر چلتے ہوئے زندگی میں جا بجا کامیابیاں سمیٹیں اور باعزت مقام پایا، آپ انتہائی سخی تھے اور دوسروں کی مدد کرتے ہوئے دلی سکون محسوس کرتے تھے یہی وجہ ہے کہ آپ جس سے بھی ملتے اسے اپنا گرویدہ بنا لیتے ، شرکاء نے محفل پاک میں درود و سلام پڑھا اور محفل کو پُر نور بنا دیا، مہمان نعت خوان حضرات نے انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ اپنے مخصوص انداز میں آقائے دو جہاں حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی شان اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کرکے شرکاء پر سحر طاری کر دیا، معروف نعت خواں عبدالرؤف روفی نے بھی اپنے مخصوص انداز میں نعت خوانی کی، محفل پاک میں کورونا وباء کے خاتمے ، ملکی ترقی، خوشحالی، استحکام اور امت مسلمہ کے اتحاد سمیت مسلمانوں کی عزت و توقیر کیلئے بارگاہ الہیٰ میں ہاتھ اٹھا کر خصوصی دعائیں کی گئیں۔