نیویارک( ویب ڈیسک) سمارٹ فون کی طرح جدید ٹیکنالوجی والے ڈرون بھی آئے روز خبروں کی زینت بنتے رہتے ہیں، اسی حوالے سے اب ڈرون کو جیٹ طیارے کی طرح بنا کر تیز رفتار پرواز کا ایک اہم تجربہ کیا گیا ہے ۔ ڈیلاس میں واقع فیوژن فلائٹ نامی کمپنی نے کواڈ کوپٹر ڈرون پر جیٹ انجن لگا کر اسے زبردست رفتار سے اڑانے کا کامیاب تجربہ کیا ہے جسے ’’اے بی فائیو جیٹ کواڈ‘‘ کا نام دیا گیا ہے ۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ دنیا کا سب سے چھوٹا اور طاقتور ترین جیٹ ڈرون ہے جو ورٹیکل ٹیک آف اینڈ لینڈنگ ( وی ٹی او ایل) صلاحیت کا حامل ہے جو عمودی پرواز کرتا ہے اور عمودی طور پر لینڈ کرتا ہے ۔انجینئروں نے الیکٹرک موٹر اور پنکھوں کی بجائے اس میں چار عدد ڈیزل انجن لگائے ہیں جو مائیکرو ٹربائن جیٹ انجن ہیں اور پوری رفتار پر 200 ہارس پاور کی قوت فراہم کرتے ہیں تاہم جیٹ کی قوت کو مختلف سمت میں پھینکنے کے لیے ویکٹرنگ سسٹم استعمال کیا گیا ہے ۔ ابتدائی طور پر ڈرون کی تیز ترین رفتار 480 کلومیٹر فی گھنٹہ نوٹ کی گئی ہے ۔یہ ڈرون بطورِ خاص وزن اٹھا کر تیزی سے ایک جگہ سے دوسری جگہ بھیجنے کے لیے بنایا گیا ہے ۔ اس کی قیمت دو سے اڑھائی لاکھ ڈالر رکھی گئی ہے ۔