لاہور(نمائندہ خصوصی سے )ہمسایہ ملک بھارت سے 24 ہندو یاتری لاہور پہنچ گئے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ سہہ پہر سنیل کھنہ کی سربراہی میں واہگہ راستے پاکستان پہنچنے والے یاتریوں کا سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ طارق وزیر اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید فراز عباس نے استقبال کیا۔، یاتریوں کو خصوصی سکیورٹی انتظامات کے تحت واہگہ سے گورودوارہ شری ڈیرہ صاحب پہنچایا گیا جہاں انہوں نے لنگر کھانے کے بعد رات گئے تک انار کلی اور دیگر مقامات پر شاپنگ کی ، یاتری آج کٹا س راج جائینگے اور کل سالانہ شیو راتری کی تقریبات میں شریک ہوں گے ۔متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر اہتمام اکیس فروری کو کٹاس راج میں دیا باتی، ہون، اشنان کے علاوہ خصوصی پوجا کا اہتمام کیا گیا ہے ، یاتری 22فروی کو لاہور واپس آئیں گے ، 23فروری کو کرشنا مندر راوی روڈ کا دورہ کریں گے ، 24فروری کو لاہور کے تاریخی مقامات کی سیر کے علاوہ شاپنگ کریں گے اور 25فروری کو بھارت واپس چلے جائیں گے ۔ واہگہ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو میں جتھہ کے سربراہ سنیل کھنہ نے کہا کہ بھارتی میڈیا پاکستان کے بارے جو کچھ پیش کر رہا ہے ، یہاں آکر ویسا کچھ نہیں ملا، بہت محبت بھرا سواگت کیا گیاہے ۔ حکومت پاکستان کی جانب سے استقبال اور دیگر انتظامات پر مشکور ہیں۔ دونوں جانب کے عوام چارے کی فضاء کو قائم رکھنا چاہتے ہیں۔