لاہور(احتشام الحق) دورہ انگلینڈ کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ جون کے پہلے ہفتہ میں متوقع ہے جس کے لئے قومی سلیکشن کمیٹی کی مشاورت کا عمل جاری ہے ، سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کے علاوہ سینئر کھلاڑیوں شعیب ملک، محمد حفیظ ، فاسٹ باؤلروں محمد عامر، وہاب ریاض کے علاوہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتر کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا جائیگا،چیف سلیکٹر مصباح الحق کے مطابق کیمپ کے لئے کھلاڑیوں کو دورہ انگلینڈ اور ورلڈ ٹی ٹونٹی کے پیش نظر مدعو کیا جائے گا، دوسری جانب قومی ٹیم کے کوچنگ سٹاف کے تین اہم کوچز ملک سے باہر ہو نے پر امکان ہے کہ کیمپ ان کی غیر حاضری میں شروع ہو گا۔قومی کرکٹ نے جولائی میں دورہ انگلینڈ کے لئے جانا ہے جہاں ممکنہ طور پر پانچ اگست سے تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ شروع ہو گا۔ اس سیریز کے لئے ٹریننگ پلان پہلے ہی تیار کر لیا گیا ہے اور اب ٹریننگ کیمپ کے لئے کھلاڑیوں کی لسٹ پر قومی سلیکشن کمیٹی کے ارکان غور کر رہے ہیں۔ہیڈ کوچ اور کپتانوں کی خواہش ہے کہ دورہ انگلینڈ پر تجربہ کار اور نئے کھلاڑیوں پر مشتمل سکواڈ منتخب کیا جائے ۔