نئی دہلی( ویب ڈیسک) بھارتی شہر بنگلورو میں دُلہن نے دُولہا کی ناک لمبی ہونے کی وجہ سے شادی سے انکار کردیا۔بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلورو سے تعلق رکھنے والا نوجوان امریکہ میں رہائش پذیر بھارتی لڑکی کے عشق میں مبتلا ہوا اور پھر دونوں نے شادی کا فیصلہ کرلیا لیکن بعد میں دُلہن نے دُولہا کی ناک پر اعتراض کرتے ہوئے شادی سے صاف انکار کردیا اور لڑکے کو ناک کی پلاسٹک سرجری کرانے کا بھی مشورہ دیا۔بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق نوجوان نے بتایا کہ اس کی رشمی نامی لڑکی سے ملاقات چند ماہ قبل شادیاں کرانے والی ایک ویب سائٹ کے ذریعے ہوئی جس کے بعد دونوں نے چند ماہ بعد ہی شادی کا فیصلہ کرلیا۔شادی کے فیصلے کے بعد رشمی امریکہ سے بنگلورو پہنچی اور دونوں کے خاندانوں کے درمیان بھی شادی کے حوالے سے بات چیت پکی کرکے منگنی کی رسم کی گئی۔نوجوان نے بتایا کہ شادی کی تاریخ طے ہونے کے بعد اس نے لڑکی کے لیے لاکھوں روپے کے کپڑے اور تحائف لیے لیکن شادی سے کچھ روز قبل لڑکی نے امریکہ جا کر شادی سے انکار کر دیا۔