لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ملاوٹی دودھ مافیاکے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے قصور روڈمصطفی آباد ٹول پلازہ پر پوری رات ناکہ بندی کی اور 5200لٹرمضر صحت دودھ تلف کر دیا۔ڈی جی فوڈا تھارٹی عرفان میمن کا کہنا تھا کہ دودھ بردار گاڑیوں میں موجود 13ہزار 400 لیڑدودھ کی چیکنگ کی گئی۔موقع پر کیے گئے ٹیسٹ فیل ہونے پر 5 ہزار200 لٹر دودھ تلف کر دیا گیا۔ضائع کیے گئے دودھ کی فیٹس، ایل آر انتہائی کم، یوریا اور پانی کی ملاوٹ پائی گئی۔دودھ کی مقدار میں اضافے کے لیے آلودہ پانی اور کیمیکلز کی ملاوٹ سنگین جرم ہے ۔ملاوٹی اور ناقص دودھ کا استعمال بچوں اور بڑوں میں متعدد بیماریوں کا باعث بنتاہے پنجاب بھر میں شہروں کے داخلی راستوں پرنا کہ بندی کر کے دور دراز کے علاقوں سے آنے والے دودھ کی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کی جا تی ہے ۔دودھ جیسی بنیادی خوراک میں ملاوٹ کرنے والے مافیا کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔