مکرمی !یوں تو دودھ اللہ کی نعمت ہے جو تمام عمر کے افراد کیلئے یکساں ضروری ہے ۔ لیکن یہ ہمارے معاشرے کا المیہ ہے کہ چند روپوں کے منافع کی خاطر دودھ میں خطرناک کیمیائی اجزاء کی ملاوٹ کر دی جاتی ہے۔ اپنی غرض کیلئے انسانی جانوں کا سود ا کرنے والے ان صحت دشمن عناصر کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شکنجہ سخت کر لیا ہے۔ خالص اور معیاری دودھ کی فراہمی عوام تک یقینی بنانے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی لازمی پاسچرائزیشن کا قانون پاس کر چکی ہے جسے 2022ء میں لاگو کر دیا جائے گا۔ ویسے تو پاکستان دودھ کی پیداوار کے اعتبار سے چوتھا بڑا ملک ہے لیکن دودھ کی مانگ میں بڑھتا اضافہ بھی ان عوامل میں شامل ہے جس کے باعث دودھ میں ملاوٹ کی جا تی ہے۔ اس مسئلے کی جڑ دودھ کی مانگ اور پیداوار میں عدم توازن ہے ،جس کی وجہ مویشیوں کی دیکھ بھال کے لئے مناسب انتظامات کی عدم دستیابی نیز دودھ کی پیداوار بڑھانے کیلئے ناقص پالیسی ہے۔ پاسچرائزڈ دودھ کے نظام کو مکمل طور پر نافذ کرنے سے پہلے ہنگامی بنیادوں پر دودھ کی پیداوار میں اضافے کیلئے مناسب سدّ باب کیا جائے ۔ ( شزاء ثاقب)