لاہور(احتشام الحق) دورہ انگلینڈ کے لئے 20 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ۔ پہلے سے کورونا منفی 18کھلاڑی دوبارہ منفی ٹیسٹ آنے پر سکواڈ میں شامل جبکہ ریزروکھلاڑیوں میں سے موسی خان اور ریزرو وکٹ کیپر روحیل نذیر بھی شامل کر کر لئے گئے ، گوہر سیریز کی تیاریوں کے دوران انگلینڈ میں ٹیم کو جوائن کریں گے ،سکواڈ آج صبح چارٹر فلائیٹ سے انگلینڈ جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کو لینے کے لئے انگلینڈ سے سپیشل طیارہ رات گئے لاہور ایئر پورٹ پہنچا اور سٹاف جہاز میں ہی رہا۔ اس فلائیٹ کیلئے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کو پانچ لاکھ پاؤنڈ کے اخراجات خود برداشت کرنا ہوں گے ۔ پی سی بی چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے گزشتہ روز ویڈیو کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ20 کھلاریوں اور 11 رکنی سپورٹ سٹاف پر مشتمل قومی سکواڈ آج صبح چارٹرڈ فلائیٹ کے ذریعے مانچسٹرروانہ ہوگا ۔مانچسٹر پہنچنے کے بعد قومی سکواڈ وورسٹرشائر روانہ ہوگاجہاں کھلاڑیوں کی کورونا ٹیسٹنگ کی جائے گی۔ اس دوران قومی سکواڈ 14 روز تک قرنطینہ میں گزاریں گے ۔انگلینڈ روانہ ہونے والا پاکستان کا پہلا گروپ ان کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف پر مشتمل ہے :اظہر علی (کپتان)، بابراعظم(نائب کپتان)، عابدعلی، اسد شفیق، فہیم اشرف، فواد عالم، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عباس، موسیٰ خان، نسیم شاہ، روحیل نذیر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شا ن مسعود، سہیل خان، عثمان شنواری اور یاسر شاہ۔ بائیں ہاتھ کے سپنر ظفر گوہر انگلینڈ میں ٹیم کو جوائن کریں گے ۔سپورٹ سٹاف میں منصور رانا (منیجر)، مصباح الحق (ہیڈکوچ)، یونس خان(بیٹنگ کوچ)، مشتاق احمد ( سپن باؤلنگ کوچ)، شاہد اسلم (اسسٹنٹ کوچ)، عبدالمجید (فیلڈنگ کوچ)، طلحہٰ بٹ(ٹیم اینالسٹ)، یاسر ملک (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ)، ڈاکٹر سہیل سلیم (ٹیم ڈاکٹر)، لیفٹیننٹ کرنل ریٹائرڈ عثمان انوری (سکیورٹی منیجر) اور رضاکیچلو(میڈیا اینڈ ڈیجیٹل کنٹینٹ منیجر) شامل ہیں۔ کلف ڈیکن اور وقار یونس بالترتیب جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا سے انگلینڈ میں ٹیم کو جوائن کریں گی جبکہ شعیب ملک کی 24 جولائی کو روانگی متوقع ہے ۔ پی سی بی نے مساجر ملنگ علی اور بیٹسمین عمران بٹ کو فوری طور پر سخت قرنطینہ میں جانے کی ہدایت کر دی ہے ۔