اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) تحریک انصاف نے وزیراعظم عمران خان، سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے دورہ امریکہ پر آنے والے اخراجات کے اعداد و شمار جاری کر دیئے ۔چیف آرگنائزر پی ٹی آئی سیف اللہ نیازی نے ٹویٹر پرموجودہ اور سابق حکمرانوں کے حوالے سے موازنہ پیش کیا ۔انہوںنے بتایا آصف زرداری 2009 میں واشنگٹن گئے تو7 لاکھ 52 ہزار 6 سو68 ڈالرز خرچہ آیا ،نوازشریف نے 2013 میں واشنگٹن کا قصد کیا تو 5 لاکھ 49 ہزار 8 سو 53 ڈالرز خرچ ہوئے جبکہ عمران خان 2019 میں واشنگٹن گئے تو ان کا دورہ محض67 ہزار 180 ڈالرز میں مکمل ہوا ۔ آصف زرداری 2012 میں نیویارک گئے تو قوم کے 13 لاکھ96 ہزار ڈالرز خرچ کر آئے اور نواز شریف 2016 میں نیو یارک گئے تو 11لاکھ 13 ہزار ڈالرز کے اخراجات آئے جبکہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 2017 میں گئے تو مقروضقوم کو 7 لاکھ5 ہزار19 ڈالرز کا بوجھ برداشت کرنا پڑا۔ انہوں نے مزید کہا عمران خان چند دن میں نیو یارک جائیں گے ،ان کے دورے پر تقریباً ایک لاکھ62 ہزار ڈالرخرچ ہونگے ۔ سیف اللہ نیازی نے کہا زرداری اور نواز حکومتیں مسلسل قوم پر قرضوں کا بوجھ بڑھاتی رہیں، دونوں جماعتوں کی قیادت ٹیکس گزاروں کا پیسہ اپنی عیاشیوں پر لٹاتی رہی۔