لیڈز ، لاہور ( سپورٹس ڈیسک، سپورٹس رپورٹر ) دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 45 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔ انگلش ٹیم نے پاکستان کو جیت کے لیے 201 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں قومی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 155 رنز ہی بنا سکی۔کپتان بابراعظم نے 22 رنز بنائے ،محمد رضوان 37، صہیب مقصود 15، محمد حفیظ 10، فخرزمان 8، اعظم خان 1 اور عماد وسیم 20 رنز بنا کر چلتے بنے ۔ شاداب خان نے 36 رنز کی اننگز کھیلی ۔انگلینڈ کے ثاقب محمود نے تین ، عادل رشید اور معین علی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں ۔سیریز برابر ہونے پر دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا فیصلہ کن معرکہ 20 جولائی کو ہوگا۔ اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 19.5اوورز میں 200رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی ۔ کپتان بٹلر 59 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ،لیونگسٹن 38 اور معین علی 36 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ محمد حسنین نے تین، عماد وسیم اور حارث رؤف نے 2، 2 ، شاہین آفریدی اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ معین علی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ۔ قومی ٹیم ترجمان کے مطابق فاسٹ باؤلر حسن علی کی ٹانگ کی انجری میں بہتری آ ئی تھی اور انہوں نے نیٹس میں باؤلنگ بھی کی تھی تاہم ٹیم مینجمنٹ نے انہیں احتیاط کرتے ہوئے دوسرے میچ میں بھی آرام کرایا ۔