کراچی ( سٹاف رپورٹر ) قائدحزب اختلاف سندھ فردوس شمیم نقوی کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا، سابق ایم ڈی پی آئی اے اعجاز ہارون نے ان کے خلاف ہتک عزت کا دعوی دائر کردیا، عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کو سپیکر سندھ اسمبلی کے توسط سے 30 جون کیلئے نوٹس جاری کردیئے ۔ عدالت نے کہا ہے فردوس شمیم نقوی خود یا اپنے وکیل کے ذریعے 30 جون کو عدالت میں پیش ہوں۔بدھ کو سماعت کے موقع پر سابق ایم ڈی پی آئی اے اعجاز ہارون نے دائردعوی میں موقف اختیار کیا کہ فردوس شمیم نقوی نے 27 مئی کو میڈیا ٹاک میں میری کردار کشی کی،میرے خلاف قابل اعتراض گفتگو کی گئی،مجھ پر من گھڑت الزامات عائد کر کے میری ساکھ کو نقصان پہنچایا،فردوس شمیم نقوی میڈیا پرآکر معافی مانگیں اور اسے براہ راست نشر کیا جائے ،انہیں دس کروڑ روپے ہرجانہ دینے اور آئندہ میرے خلاف بیانات اور کردار کشی نہ کرنے کا پابند کیا جائے ۔