اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری اور نئی برآمدی منڈیوں کی تلاش پر خصوصی توجہ دیتا رہے گا ، دولت مشترکہ کے ممالک پاکستان کی برآمدات کیلئے بہترین منڈیاں ثابت ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں دولت مشترکہ انٹرپرائز اینڈ انویسٹمنٹ کونسل کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد کی قیادت کونسل کے ڈپٹی چیئرمین سرہوگو سوائر کر رہے تھے ۔ وفد کے سربراہ نے وزیراعظم کے مشیر کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کونسل کے پاس دولت مشترکہ کے ممالک میں تجارت اور سرمایہ کاری میں سہولیات فراہم کرنے کا مینڈیٹ ہے ، کونسل کے زیر اہتمام دولت مشترکہ بزنس فورم رواں سال روانڈا میں ہو رہا ہے اور ان کی خواہش ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو تجارتی وفد کے ہمراہ فورم میں شرکت کیلئے مدعو کیا جائے ۔ وفد کے سربراہ نے تجارت اور کاروبار میں آسانیوں کیلئے حکومتی اقدامات کی بالخصوص تعریف کی۔ وزیراعظم کے مشیر نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری اور نئی برآمدی منڈیوں کی تلاش پر خصوصی توجہ دے رہاہے ۔ انہوں نے وفد کو ان اقدامات سے آگاہ کیا جو حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے کئے گئے ہیں اور کہا کہ ان اقدامات سے غیر ملکی سرمایہ کاروں پر انتظامی بوجھ کم ہو گیا ہے ۔ وزیراعظم کے مشیر نے تجارتی مراکز کے قیام اور ان مراکز کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کی تجویز کا خیرمقدم کیا۔