کراچی (سٹاف رپورٹر)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ میں ڈاکٹرز پرتشدد اور گرفتاریوں پرسخت ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ حفاظتی لباس کے مطالبے پرکوئٹہ میں حکومت کی غنڈا گردی کورونا کیخلاف فرنٹ لائن پرلڑنے والوں کا مورال ڈاؤن کرنیکی کوشش ہے ۔ڈاکٹرز کو حفاظتی لباس اورآلات فراہم کرنے کے بجائے تشدد اورجیل بھیجناکہاں کا انصاف ہے ؟پی ٹی آئی حکومت جائزمطالبات پرتشدد اورگرفتاریاں کرکے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں ڈاکٹرز کی خدمات کو سراہا جارہا ہے جبکہ نئے پاکستان کی سرکار انہیں جیل میں ڈال رہی ہے ،ڈاکٹرخود کو تنہا نہ سمجھیں،پیپلزپارٹی انکے ساتھ کھڑی ہے ۔