کراچی(شوبز ڈیسک)بین الاقوامی شہرت یافتہ ماڈل اور منجھی ہوئی اداکارہ عائشہ عمر کو سٹیزن فاؤنڈیشن کی خیر سگالی سفیر مقرر کردیا گیا۔اس بارے میں فلموں اور ڈراموں کی پڑھی لکھی اور ذہین فنکارہ عائشہ عمر کا کہنا ہے کہ مجھے بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ مجھے سٹیزن فاؤنڈیشن نے اپنا سفیر بنایا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ حقیقت ہے کہ کوئی بھی معاشرہ تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کر بے حد افسوس ہوتا ہے کہ پاکستان میں دو کروڑ بچے سکول جانے سے محروم ہیں۔عائشہ عمر نے کہا کہ ہمیں ان بچوں کو ہر حال میں سکول بھیجنا ہوگا۔اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ میرے والد اس وقت دنیا چھوڑ گئے تھے ، جب میں بہت چھوٹی تھی مگر میں اور میرے بھائی نے سخت محنت سے پڑھائی مکمل کی۔