لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 104 روز سے جاری بدترین کرفیو اس صدی کا سب سے بڑا المیہ ہے ، مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو خوراک، ادویات اور ضروریات زندگی سے محروم کر کے بھارتی وحشت آشکار ہو چکی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سسک سسک کر مر رہی ہے ،بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم کے باعث جنت نظیر وادی جہنم بن چکی ہے ، عالمی برادری معاملے کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے صورتحال کا نوٹس لے ، بھارتی ظلم اور جبر کی دنیا کی تاریخ میں کہیں مثال نہیں ملتی، مسلمانوں کو عبادت سے روکنے کیلئے مساجد کو تالے لگانا بھارت کے سیکولر ریاست ہونے کے دعوے کی نفی ہے ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی کوششوں سے مسئلہ کشمیر بین الاقوامی فورمز پر اجاگر ہو ا جبکہ دھرنے کی وجہ سے کشمیر کاز کو بہت نقصان پہنچا، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں۔علاوہ ازیں انہوں نے طلبہ کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہماری حکومت نے طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ایک برس میں 8 یونیورسٹیاں بنانے کا فیصلہ کیا ہے ،یہ یونیورسٹیاں ان شہروں میں بنائی جا رہی ہیں جہاں پر اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر نہیں تھے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے سابق آئی جی جیل خانہ جات یوسف لنگاہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔