لاہور( کلچرل رپورٹر ) ایکٹر، پروڈیوسر، ڈائریکٹر سرمد سلطان کھوسٹ نے گزشتہ روز ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ انہیں فون پر درجنوں دھمکیاں اور میسجز موصول ہورہے ہیں ’’ تو کیا میں فلم ’’ زندگی تماشا‘‘ کو ریلیز نہ کروں؟‘‘ انہوں نے اپنے مداحوں سے سوال کیا ہے ۔واضح رہے کہ سرمد کھوسٹ کی نئی فلم ’زندگی تماشا‘ کی مختلف عالمی میلوں میں خاصی پذیرائی مل چکی ہے تاہم اسے 24 جنوری 2020 کے روز پاکستانی سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔ البتہ، بعض حلقوں کو اعتراض ہے کہ اس فلم میں شعائرِ اسلام کا مذاق اُڑایا گیا ہے اور مذہبِ اسلام کو تضحیک کا نشانہ بنایا گیا ہے دوسری طرف معروف اداکارہ ماہرہ خان ہدایت کار سرمد کھوسٹ سے اظہارِ یکجہتی کے لیے میدان میں اْتر آئیں۔ ماہرہ خان نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ایک ایسی فلم جو ابھی کسی نے دیکھی ہی نہیں ہے وہ بھی لوگوں کو خوف زدہ کر سکتی ہے ‘۔ماہرہ نے اپنے ٹویٹ میں سرمد کھوسٹ سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’مشکل کو بتائیں کہ آپ کا خدا کتنا بڑا ہے ‘۔