لاہور، سرگودھا ، ملتان (سپیشل رپورٹر، اپنے سٹاف رپورٹر سے ، خبر نگار، جنرل رپورٹر ) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آج بدھ کے روزبلوچستان، خیبرپختونخوا، پنجاب، اسلام آباد ،گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پر بارش اور کہیں کہیں پر موسلا دھار بارش کے علاوہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ، کراچی سمیت سندھ میں بھی کہیں کہیں پر بارش کا امکان ہے ، مالاکنڈ، ہزارہ، ڈویژن،گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ اور بلوچستان اور ڈی جی خان کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے ، منگل کے روز سرد ترین مقامات کے درجہ حرارت کالام منفی 14، گوپس، مالام جبہ ، بگروٹ منفی 06، اسکردو منفی 05، سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 9 سینٹی گریڈ رہا، آج شہر کا موسم ابر آلود رہنے اور بارش کا امکان ہے ، قومی شاہرات کو شدید دھند کے باعث آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا ، ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق پتوکی ،رینالہ خورد،اوکاڑہ،ساہیوال ،ہڑپہ،چیچہ وطنی،میاں چنوں،خا نیوال،ملتان میں شدیددھند کے باعث قومی شاہرائوں کو ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا، ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کیا جائے ، دھند میں گاڑی مناسب رفتار پر چلائیں ۔ سرگودھا اور گردونواح میں صبح سویرے اچانک دھند نے ہر چیز کو دھندلا دیا کچھ دیر کے بعد سورج نکلنے کے بعد شہر میں دھند چھٹ گئی جبکہ سردی کی شدت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ، دھند کے باعث ملتان انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول متاثر ہوگیا، ملتان سے جدہ جانے والی نجی ائیر لائن کی پرواز اے 287 دو گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی،اسی طرح جدہ سے ملتان آنے والی نجی ائیرلائن کی پرواز کراچی اتار لی گئی، مدینہ سے ملتان کی پرواز لاہور منتقل کردی گئی۔