لاہور، ملتان (نیوز رپورٹر، اپنے رپورٹر سے ، جنرل رپورٹر) دھند کے باعث ٹرینوں کا شیڈول گزشتہ روز بھی شدید متاثر ہوا اور مسافروں کو دشواری کا سامنا رہا، لاہور میں کم از کم درجہ حرارت 4 سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، آج بھی لاہور میں موسم شدید سرد رہنے اور دھند کا امکان ہے ۔ لاہور سے کوئٹہ اور کراچی جانے اور آنے والی ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہو نے سے مسافروں کو پلیٹ فارم پر انتظا ر کرنا پڑا۔ لاہور سے کراچی روانہ ہونے والی قراقرم ایکسپریس دوپہر3 بجے کی بجائے رات 10بجکر45 منٹ پرروانہ ہوئی ،پاک بزنس ایکسپریس 4 بجے کی بجائے رات 11 بجے ،کراچی ایکسپریس شام5 بجے کی بجائے رات8بجکر45منٹ پر روانہ ہوئی، فیصل آبادسے کراچی جانے والی ملت ایکسپریس سہ پہر3بجکر 40 منٹ کی بجائے شام6بجکر40منٹ پر روانہ ہوئی۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں شدید دھند کا سلسلہ جاری ہے ، جس کے باعث نہ صرف ٹریفک کی روانی بلکہ پروازوں اور ٹرینوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہو کر رہ گیا ، ملتان ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن معطل ہونے سے 6 پروازیں متاثر ہوئیں۔ ملتان سے سکھر موٹر وے بھی ٹریفک کے لئے بند کر دی گئی ، محکمہ موسمیات کے مطابق دھند کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔کئی سیکشنز پر موٹروے بند رہی۔