نئی دہلی(این این آئی)مقبوضہ کشمیر کے مسلسل محاصرے کیخلاف دہلی یونیورسٹی میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق یونیورسٹی کے شعبہ آرٹس کی عمارت کے سامنے کیے گئے مظاہرے میں آل انڈیا سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن ، Pinjra Tod اور دہلی یونیورسٹی سٹوڈنٹ یونین سے وابستہ طلبا نے حصہ لیا۔ مظاہرین نے مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس کی معطلی کی شدید مذمت کی اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی، سیاسی نظربندوں کی رہائی اور کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا مطالبہ کیا۔ طلباء کا کہنا تھا بھارت میں جمہوریت اب ایک ناٹک بن گئی ہے جبکہ جموں وکشمیر میں اسے ایک مذاق بنا دیا گیا ہے ۔ادھر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں بھی کشمیری طلبا نے کشمیر کی ابتر صورتحال کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرے کی قیادت علیگڑھ مسلم یونیورسٹی سٹوڈنٹس یونین کے سابق نائب صدر سجادراتھر نے کی۔