فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)گلوبل شیپرز کمیونٹی فیصل آبادحب ہمیشہ کی طرح اس نازک صورت حال میں معاشرے کی فلاح کے لئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے تاکہ کروناوائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے ۔ اسی سلسلے میں گلوبل شیپرز کمیونٹی نے مقامی ادارے اور یونیورسٹی آف فیصل آباد کے تعاون سے ہینڈ سینی ٹائزرز تیار کئے ہیں جو کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی ہدایات کے عین مطابق ہیں۔ اس سلسلے کی پہلی قسط کے طور پر مقامی گورنمنٹ کی درخواست پر 100ملی لیٹر کی 1200بوتلیں خرم یونس (ڈائریکٹر پارٹنرشپ) کی طرف سے دی گئیں جو کہ مکمل طور پر بغیر معاوضہ کے ہیں۔ محمد علی ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے گلوبل شیپرز کمیونٹی کے اس کردار کو سراہا۔ اس موقع پر محمد ابو بکر صدر اور محمد حیدر امین نائب صدر گلوبل شیپرز کمیونٹی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس سلسلے میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ یاد رہے کہ گلوبل شیپرز کمیونٹی فیصل آباد ورلڈ اکنامک فورم کا حصہ ہے جو دنیا بھر میں 150سے زائد ممالک اور 425سے زائد شہروں میں کام کر رہی ہے ، اس کے تمام حب ایک دوسرے کے ساتھ مستقل رابطے کے ذریعے کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں۔