فیصل آباد (سٹی رپورٹر،92 نیوزرپورٹ) دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کا سٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام سب پر بازی لے گیا، اب طلبا وکٹوریہ یونیورسٹی میلبورن میں بھی پڑھائی کے لیے جا سکیں گے ،اسی سلسلے میں وکٹوریہ یونیورسٹی میلبورن آسٹریلیا کے ریجنل ریکروٹمنٹ مینجر مسٹر سیبا سٹیان کونٹزے نے جامعہ کا دورہ کیا۔اس موقع پر مسٹر کونٹزے نے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ وکٹوریہ یونیورسٹی کا شمار دنیا کی بہترین یونیورسٹیز میں ہوتا ہے ، پاکستانی طلبا اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے ۔دی یونیورسٹی آف فیصل آباداورہمارے درمیان2007میں معاہدہ ہوا،میرے دورے کامقصدباہمی اشتراک کوتقویت دیناہے ،خاص طورپرجب مستقبل میں انجینئرنگ کے طلباکی بیرون ملک تعلیم کی بات ہوتوہم مشترکہ ریسرچ میں تعاون بڑھاسکیں گے ۔دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر شوکت پرویز کے مطابق دونوں جامعات کے باہمی روابط سے ہیلتھ سائنسز اور انجینئرنگ کے شعبہ کو ترقی ملے گی۔ہم چاہتے ہیں ہمارے طلبابیرون ملک جاکرریسرچ کریں،وہاں جاکرپی ایچ ڈی کریں،غیرملکی مہمان نے جامعہ کے مختلف شعبہ جات اور اس سے ملحقہ مدینہ ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا ۔ انجینئرنگ کیمپس کے طلبا و فیکلٹی ممبران سے خطاب بھی کیا۔