لاہور(سٹاف رپورٹر)واپڈا ترجمان کے مطابق قومی اہمیت کے حامل دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ پر موبلائزیشن اور تعمیراتی کام کی تیاری میں تیزی آ رہی ہے اور اس حوالے سے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر)مزمل حسین نے پراجیکٹ سائٹ کا دورہ کیا ، مقصد پراجیکٹ ایریا میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور ابتدائی تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ پراجیکٹسائٹ پر بھاری مشینری اور دیگر آلات منتقل کیے جانے کے جاری عمل میں مزید تیزی لانا تھا۔ڈائریکٹر جنرل فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او)میجر جنرل کمال اظفر ، ممبر (واٹر) واپڈا اور جنرل منیجر دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ عامر بشیرچودھری ، پاور چائنا کے نمائندے اور دیگر سینئر آفیسرز بھی اُن کے ہمراہ تھے ۔اپنے دورے میں چیئرمین واپڈا مین ڈیم سائٹ کے علاوہ کنٹریکٹرز کیمپ بھی گئے ۔ تیز رفتار موبلائزیشن پر کنٹریکٹرز کی تعریف کرتے ہوئے اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ موبلائزیشن کا یہ عمل بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا ۔ دیا مر بھاشا ڈیم کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے اُنہوں نے پراجیکٹ انتظامیہ اور کنٹریکٹرز پر زور دیا کہ وہ عزم اور تندہی کے ساتھ کام کریں تاکہ اِس اہم منصوبے کو وقت پر مکمل کیا جاسکے ۔ قبل ازیں پراجیکٹ انتظامیہ نے چیئرمین واپڈا کو پراجیکٹ ایریا میں انفراسٹرکچر کی تعمیر ، موبلائزیشن کی صورتِ حال اور مین ورکس پر تعمیراتی کام شروع کرنے کے حوالے سے تیاریوں پر بریفنگ دی ۔