دیر کے قریب پاک افغان بارڈر پر سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجہ میں متعدد ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث 3دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ سوات اور مردان سے تعلق رکھنے والے ان دہشت گردوں کے قبضہ سے بڑی تعداد میں اسلحہ،گولہ بارود اور گرینیڈ برآمد ہوئے ہیں۔ دہشت گرد اور ان کے مددگار جس بھیس میں بھی ہوں آخر کار اپنے انجام کو پہنچ جاتے ہیں۔ پاکستان کو عشروں سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی مذموم سرگرمیوں کا سامنا ہے اور پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے انہیں ہر جگہ اور ہر مقام پر شکست دی ہے۔ ہماری بہادر مسلح افواج اور سکیورٹی فورسز نے جس بہادری اور جرأت سے دہشت گردی کے خلاف کامیابیاں حاصل کی ہیںدنیا کی جدید تاریخ اس کی مثال دینے سے قاصر ہے۔ پاکستان کے شمالی علاقہ جات،قبائلی علاقے، خیبرپختونخواہ اور بلوچستا ن دہشتگردوں کے خصوصی نشانے پر ہیں۔ ان کے سہولت کار انہیں اسلحہ اور گولہ بارود فراہم کرتے ہیں اورپاک افغان بارڈر سے پاکستانی علاقوں کو نشانہ بناتے ہیں۔یہ بات اب پایۂ ثبوت کو پہنچ چکی ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں کے پیچھے بھارتی خفیہ ایجنسی را ملوث ہے۔ یہ دہشت گرد ’’را‘‘ کے تربیت یافتہ ہیں۔ پاکستانی سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے اپنی جانوں کا نذانہ پیش کر کے وطن عزیز کا دفاع کیا ہے، وہ وقت دور نہیں جب آخری دہشت گرد کا بھی ان علاقوں سے صفایا کر دیا جائے گا۔