کنبرا( ویب ڈیسک) عام طور پر شادی کے موقع پر ہزاروں اور لاکھوں روپے میں خریدے گئے کپڑے شادی کے علاوہ ایک دو بار ہی پہنے جاتے ہیں لیکن آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون اپنی شادی کے ایک سال بعد بھی ہر جگہ اپنے شادی کے جوڑے میں ہی دکھائی دیتی ہیں جس پر لوگ اکثر انہیں حیرت سے دیکھ کر منہ بنانا شروع کر دیتے ہیں ،اُن کے اس جوڑے کی مالیت 1000 ڈالر تھی۔ٹامی کا کہنا ہے کہ لوگ انہیں عجیب نظروں سے تو دیکھتے ہیں لیکن کبھی کسی نے ان پر منفی تبصرہ نہیں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بھری ٹرین میں سفر کرتے اس جوڑے کو پہننا کافی عجیب لگتا ہے لیکن وہ اس جوڑے میں ہی گھر کے کام کرتی ہیں ، کھانا پکاتی ہیں اور جم جاتی ہیں۔ 43 سالہ ٹامی ہال نے یہ اینٹی کنزیومرازم طرز زندگی 2016 میں شروع کیا تھا۔2016 میں وہ بھارت گئی تو ان کی آنکھیں کھل گئی کہ بطور معاشرہ وہ کتنی فضول خرچی کرتے ہیں۔ وہ ایڈیلیڈ واپس آئی تو انہوں نے عہد کیا کہ اگلے ایک سال تک نہ ہی نئے کپڑے خریدیں گی اور نہ ہی کوئی نیا جوتا خریدیں گی۔ پچھلے سال شادی کے موقع پر وہ خوبصورت بھی دکھائی دینا چاہتی تھی لیکن پھر انہیں خیال آیا کہ کیا صرف ایک دن پہننے کے لیے انہیں مہنگا جوڑا لینا چاہیے ؟ آخر انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنے جوڑے پر 1000 ڈالر خرچ تو کریں گی لیکن پھر اس پیسے کو پورا بھی کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ شادی کے بعد انہوں نے پہلی بار اس جوڑے کو 2019 کے شروع میں الیکشن کے دوران پہنا۔ اس کے بعد وہ اکثر اسی جوڑے کو پہنے رہتی ہیں۔