لاہور (نامہ نگار خصوصی )چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مامون رشید شیخ نے کہا ہے ذہنی طور پر بیمار انسان معاشرے کی ذمہ داری ہوتے ہیں، عام انسان کی طرح تمام بنیادی حقوق کی فراہمی ان کا حق ہوتا ہے ۔ مقامی ہوٹل میں ذہنی صحت اور دانستہ جرم کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاپاکستان میں قیدیوں کی ذہنی حالت پر خاص توجہ نہیں دی جاتی، ایسا شخص جو ذہنی طور پر تندرست نہیں کبھی دانستہ اور منصوبہ بندی کے تحت جرم کا ارتکاب نہیں کرتا اس لئے دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ایسے لوگوں کو کسی بھی جرم کی سزا عام اور ذہنی طور پر تندرست انسان کے برابر نہیں دی جاتی تاہم دورانِ ٹرائل ایسے افرادکا دماغی طور پر تندرست اور بیمار ثابت ہونا مشکل مرحلہ بن جاتا ہے ۔ نظام انصاف سے منسلک ہر سٹیک ہولڈر ادارے اور شخص کو اس حوالے سے خاص تربیت کی ضرورت ہے ،چیف جسٹس نے اس امید کا اظہار کیا کہ سیمینار کے سیر حاصل نتائج سامنے آئیں گے ۔