کراچی(سٹاف رپورٹر)سندھ حکومت سے کامیاب مذاکرات پر ٹرانسپورٹرز نے ایک ہفتے سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیاہے ۔دوسری جانب ہڑتال ختم کرانے کا سہرا اپنے سرباندھنے کیلئے وفاق اور سندھ حکومت میں رسہ کشی شروع ہوگئی ہے ۔سندھ کے وزیرٹرانسپورٹ اویس قادرشاہ نے ہڑتال ختم کرانے کا اعلان کرکے پہلے کریڈٹ لیا۔ بعدازاں گورنرسندھ عمران اسماعیل ماڑی پور ٹرک اڈے پر بیٹھے ہڑتالی ٹرانسپورٹرز کے پاس پہنچ گئے اور ان سے ملاقات کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال ختم کرانے کا اعلان کردیا۔گورنرسندھ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ٹرانسپورٹ مالکان نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کرکے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔ایکسل لوڈ کو لاگو کرنے کا معاملہ پر بات ہوگئی ہے جس کا اطلاق آج سے ہوگا۔ ٹرانسپورٹرز کو تنگ کرنے پر متعلقہ پولیس افسروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ مزید ڈرائیونگ لائسنس سینٹرز کھولے جائیں گے ،پورٹ قاسم پر ٹرک اڈا جلد ٹرانسپورٹرز کے حوالے کر دیا جائے گا۔اس سے قبل صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ نے ماڑی پور ٹرک سٹینڈ پر ٹرانسپورٹرز کے ساتھ پریس کانفرنس ہوئے کہا کہ ڈرائیورنگ لائسنس کا اختیار ٹریفک پولیس سے واپس لے کرمحکمہ ٹرانسپورٹ کو منتقل کیا جائے گا،روٹ پرمٹ کی کم سے کم فیس کو منظورکیا جائے گا، صوبائی حکومت ٹرانسپورٹرز کے مطالبات تسلیم کرتی ہے ، محکمہ ٹرانسپورٹ کی طرف سے فٹنس،روٹ پرمٹ اور دیگر مسائل حل کیے جائیں گے ۔ملک کے موجودہ معاشی حالات ہڑتالوں اور نقصانات کی اجازت نہیں دیتے ۔