اسلام آباد (وقائع نگار) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ذرائع ابلاغ پر زور دیا ہے کہ وہ قوم کی تعمیر کیلئے سماجی آداب اور اقدار کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔ وہ اطلاعات ونشریات کے وزیر شبلی فراز اور اطلاعات ونشریات کے معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ سے گفتگو کر رہے تھے ، جنہوں نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر نے کہا کہ ذرائع ابلاغ کا عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے حوالے سے اہم کردار ہے ۔ انھیں عوام کو صحت، تعلیم اور خصوصاً خواتین کے وراثتی حقوق جیسے مختلف سماجی معاملات سے متعلق شعور بیدار کرنے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے ۔ سوشل میڈیا سے متعلق ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ یہ تبدیلی کا پیش خیمہ ہے اور اسے معاشرے میں ہم آہنگی اور قومی جذبے کے فروغ کیلئے مثبت انداز میں استعمال کرنے کی ضرورت ہے ۔