کراچی(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)ملک میں ذوالحجہ کا چاندنظرآگیا،آج یکم ذوالحجہ1439ھ ہے جبکہ عید الاضحی انشاء اﷲ بدھ22اگست کو ہوگی ۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کااجلاس مفتی منیب الرحمن کی زیرصدارت دفترمحکمہ موسمیات(میٹ کمپلیکس) کراچی میں جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس اُن کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرز ہوئے ۔مفتی منیب الرحمن نے چاند کی رویت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہنگو( ٹل خیبر پختونخوا)اور لسبیلہ سمیت مختلف علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق ذوالحجہ کا چاند گزشتہ رات 2 بج کر59 منٹ پر پیدا ہوا اور غروب آفتاب تک چاند کی عمر 28 گھنٹے 18منٹ تھی، چاند غروب آفتاب کے بعد 56 منٹ تک افق پر موجود رہا۔