لاہور(سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل انڈر19 ورلڈکپ کے میچ میں قومی ٹیم نے زمبابوے انڈر 19 ٹیم کو 38 رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے سپر لیگ کوارٹرفائنل میں جگہ بنا لی ہے ۔ زمبابوے انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 295 رنز بنائے ۔ پاکستان کی جانب سے محمد حارث نے سب سے زیادہ 81 رنز بنائے ۔زمبابوے کی جانب سے ڈیلن گرانٹ نے 7 اوورز میں 47 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ہدف کے تعاقب میں زمبابوین انڈر 19 ٹیم 46.3 اوورز میں 256 رنز بنا کر ہی آؤٹ ہو گئی۔ ملٹن شومبا نے سب سے زیادہ 58 رنز بنائے اور ویزلی مدھویر نے 53 رنز بنائے ۔پاکستان کی جانب سے طاہر حسین نے 7.3 اوورز میں 42 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور عباس آفریدی نے بھی تین وکٹیں حاصل کیں ۔