لاہور(سپورٹس رپورٹر) آئی سی سی انڈر۔ 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے لیے قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا، روحیل نذیر کپتان برقرار،ملتان کے 16سالہ محمد شہزاد اور ٹیسٹ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ سکواڈ کا حصہ بن گئے ۔گزشتہ روز جونیئر سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین سلیم جعفرنے پریس کانفرنس کرتے ہوئے 15رکنی سکواڈ کا اعلان کیا۔ ایونٹ آئندہ سال 17 جنوری سے 9 فروری تک جنوبی افریقہ میں کھیلا جائے گا۔ اعلان کردہ سکواڈ کے مطابق وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر کو قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھتے ہوئے اوپنر حیدر علی کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے ۔اوپنرز عبدالواحد بنگلزئی (کوئٹہ)، حیدر علی (راولپنڈی) اور محمد شہزاد (ملتان)۔مڈل آرڈرزمیں محمد حارث (پشاور)،محمد حریرہ (سیالکوٹ) اور محمد عرفان خان (لاہور)۔وکٹ کیپر روحیل نذیر(کپتان)۔ آلراؤنڈرز: عباس آفریدی( پشاور)، فہد منیر (لاہور)، قاسم اکرم (فیصل آباد)۔سپنرزمیں عامر علی (لاڑکانہ) اور آرش علی خان (کراچی)جبکہ فاسٹ باؤلرز میں عامر خان (پشاور)، نسیم شاہ (لاہور) اور طاہر حسین (ملتان) شامل ہیں۔ٹیم منیجمنٹ میں اعجاز احمد ( ہیڈ کوچ کم منیجر)، راؤ افتخار انجم (باؤلنگ کوچ)، عبدالمجید(اسسٹنٹ کوچ)، حافظ نعیم الرسول (فزیو تھراپسٹ)، صبور احمد (ٹرینر) ، عثمان ہاشمی( اینالسٹ) ،عماد حمید (میڈیا منیجر) اورکرنل (ر)عثمان رفعت انصاری( سیکورٹی منیجر)ہوں گے ۔سلیم جعفر نے کہا کہ ٹیم میں شمولیت کے لیے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے تاہم جن کھلاڑیوں کا نام سکواڈ میں شامل نہیں انہیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔