سیالکوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر/این این آئی) وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر خود کو گڈ گورننس کا مسیحا سمجھنے والے اب وضاحت آنے پر جواب دیں،آٹے کی قیمتوں اور اتحادیوں کی ناراضی سے متعلق سنسنی خیزی پھیلانے والے اور چائے کی پیالی میں طوفان برپا کرنے والوں کو پہلے بھی ناکامی ہوئی، آئندہ بھی ہو گی، بیماری کی آڑمیں لندن میں بیٹھ کرحکومت گرانے کی سازش ہورہی ہے ، ترچھی ٹوپی والی سرکار اب ٹوپی سیدھی کر کے پاکستان آئیں اور سیاست کریں،حکومت کے خلاف بولنے اور عوام کو گمراہ کرنے سے بہتر ہے کہ اپوزیشن اپنا کردار ادا کرے ،پنجاب میں قانون سازوں کو وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر اعتماد ہے ۔ فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس میں کہا ہمارے اتحادی، حکومت کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں، چاہے وہ مسلم لیگ (ق) ہو یا دیگر جماعتیں، وہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا پارٹی آئین کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور خیبرپختونخوا میں تین وزرا کی جانب سے خلاف ورزی کرنے پر کارروائی کی گئی ہے ۔فردوس عاشق اعوان نے کہا حکومت ہر ریاستی ادارے سے بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے اپنے اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کے لئے پوری طرح پرعزم ہے ۔