ملتان(سرفراز انصاری سے ،سٹاف رپورٹر)سابق وزیراعظم و سینئر وائس چیئرمین پیپلز پارٹی سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام کے باعث بیرونی سرمایہ کار پاکستان آنے کو تیار نہیں ۔ مولانا کا آزادی مارچ مسائل اور دھاندلی کیخلاف ہے اور پیپلزپارٹی کے منشور کے قریب ہے اس لئے ہم مارچ میں شرکت کریں گے ۔ یکم نومبر سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری جنوبی پنجاب کا 8 روزہ دورہ کریں گے ۔ میاں نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کرنا اچھا اقدام ہے ۔ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کا معاملہ عدالتوں میں ہے ہمیں ابزرویشن دینے کے بجائے فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے ۔سابق صدر آصف علی زرداری کے بھی پلیٹ لیٹس گرے ہیں ان کو بھی فوری میڈیکل سہولیات فراہم کی جائیں۔سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے 92 نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں معاشی استحکام لانے کے لیے ملک کا ماحول سازگار بنانا ہوگا ۔ ملک کا ماحول ساز گار ہوگا تو بیرون ممالک سے سرمایہ کار پاکستان آکر سرمایہ کاری کریں گے ، بلاول زرداری بھٹو یکم نومبر سے جنوبی پنجاب کا دورہ شروع کریں گے ۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یہ شیڈول طے شدہ ہے تاہم مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ کے باعث اگر ضرورت پڑی تو اس میں تبدیلی کی جائے گی ۔ قبل ازیں سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے لندن میں حسین نواز سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور میاں نواز شریف کی طبیعت دریافت کی۔ سابق وزیر اعظم نے نواز شریف اور مریم نواز کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ امید ہے میاں صاحب جلد صحت یاب ہوجائیں گے ، بیماری پر سیاست نہ کی جائے ۔