اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی، آن لائن، صباح نیوز) پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے بجٹ سیشن آج (جمعہ) شروع ہونگے ، ایوان بالا کا اجلاس دن 10بجے جبکہ قومی اسمبلی کا سہ پہر 4بجے شروع ہوگا۔ بجٹ سیشن کے حوالے سے تاحال اپوزیشن نے حکمت عملی کا اعلان کیا ہے نہ بجٹ تجاویز کا ۔ دریں اثناچیئرمین سینٹ اور سپیکر قومی اسمبلی نے دونوں اجلاسوں میں تمام حفاظتی تدابیر پر عمل یقینی بنانے اور بجٹ کی جلد منظوری پر اتفاق کیا ہے ۔جمعرات کو چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ملاقات ہوئی ہے ۔صادق سنجرانی نے ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وبا کے خاتمے کے لئے حکومتی کوششوں میں سب مکمل تعاون کریں۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ عوام اس وبا کے خاتمے کیلئے احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی نہ کریں۔ پارلیمان کا اجلاس پاکستان ٹیلی ویژن کے ذریعے براہ راست نشر کیا جائے گا تاکہ میڈیا نمائندوں کو کوریج کیلئے متبادل ذریعہ فراہم کیا جا سکے ۔قومی اسمبلی کی ہاؤس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا آج ہونے والااجلاس منسوخ کر دیا گیا ہے ،جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔