لاہور(سپیشل رپورٹر ) بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ سمیت پاکستان مخالف و دشمن ایجنسیاں سوشل میڈیا پر پاکستان کیخلاف دشمنی میں سرگرم ہیں جبکہ بھارت سے بعض دہشتگرد تنظیموں کے سوشل میڈیا اکائونٹس بھی آپریٹ ہو رہے ہیں،اس حوالے سے قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے سوشل میڈیا کا تھریٹ الرٹ جاری کر دیا۔ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے جاری الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر کالعدم تنظیموں کے دہشتگرد سرگرم ہیں۔ دہشتگرد سوشل میڈیا کے ذریعے دہشتگرد تنظیموں میں بھرتی اور فنڈنگ کیلئے کام کر رہے ہیں۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے وزارت داخلہ کو مراسلہ بھی لکھا ہے ۔ ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کے 50سرگرم کارکنوں کی فہرست بھی فراہم کردی گئی ہے ۔ جن کے سوشل میڈیا اکائونٹس میں پاکستان مخالف پوسٹ اور دیگر مواد موجود ہے ۔ دہشتگرد تنظیموں کے کے کچھ ایسے بھی سوشل میڈیا اکائونٹس ہیں جو بھارت سے آپریٹ کئے جا رہے ہیں۔