اسلام آباد،لاہور ،پشاور ،فیصل آباد (سپیشل رپورٹر، سٹاف رپورٹر ،نیوز رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک،92نیوز رپورٹر )پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سندھ ہائوس اسلام آبادپردھاوابول دیا،تحریک انصاف کے مشتعل کارکن گیٹ توڑکرسندھ ہائوس کے احاطے میں داخل ہوگئے ، اسلام آبادپولیس نے پی ٹی آئی کے دوایم این ایز فہیم خان اور عطااللہ نیازی سمیت 13کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنان لوٹے لے کر سندھ ہاؤس پہنچے ،احتجاج کیا،گیٹ توڑ کر سندھ ہاؤس کے قریب ریڈ زون میں داخل ہوگئے جہاں انہوں نے دھرنا دیا ، کارکن پی ٹی آئی کے باغی ارکان اسمبلی کیخلاف اوروزیراعظم عمران خان کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے ،سندھ ہائوس کے احاطے میں پولیس اورپی ٹی آئی کے کارکن آمنے سامنے آگئے ،کارکن’’لوٹوں کوباہرنکالو‘‘‘کے نعرے لگاتے رہے ،مشتعل کارکنوں نے ہاتھوں میں ڈنڈے بھی اٹھارکھے تھے ،سندھ ہائوس میں تعینات سندھ پولیس کارکنوں کے سامنے بے بس نظرآئی اورکارکنوں کوروکنے میں ناکام رہی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی فہیم خان نے کہاباغیوں کوعمران خان کے نام پر ووٹ ملا ، یہ غدار ہیں، ہم نے انہیں صرف ایک پیغام دیا ہے ، ابھی فلم باقی ہے ،ہم پرامن طریقے سے آئے تھے ،سندھ پولیس کی کارروائی پرہم نے اپناردعمل دیا ،اگریہ لوگ باز نہ آئے تواندرگھس کرماریں گے ۔ عطااللہ نیازی نے کہامنحرف ارکان عمران خان کی وجہ سے ایم این اے بنے ،پی ٹی آئی کا ورکر ان کا پیچھا کرے گا ، انہیں چاہئے کہ واپس آئیں عمران خان سے معافی مانگیں، اگر انہیں شکایت ہے تو استعفیٰ دیں اور الیکشن لڑ کرآئیں، لوٹے معافی مانگیں ورنہ ہم آپ کے گھروں پربھی آئینگے ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اسلام آبادپولیس کی بھاری نفری سندھ ہائوس پہنچ گئی جس کے بعدمشتعل کارکنوں کو باہرنکال دیاگیا ،پی ٹی آئی کارکنوں نے لیگی رہنما سردارایازصادق کی گاڑی بھی روک لی، شدیدنعرے بازی کی۔ پولیس کی بھاری نفری سندھ ہائوس کے داخلی سڑک پر تعینات کردی گئی، میریٹ چوک سے بھی ریڈ زون میں داخلے کا راستہ بندکردیاگیا،پولیس نے ریڈزون جانے والے تمام راستے سیل کردیئے ،پولیس نے حراست میں لیے جانے والے 13 کارکنوں کو تھانہ آبپارہ منتقل کردیا، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل شخصی ضمانت پر دونوں ایم این ایز کو تھانے سے لے کر چلے گئے ۔سندھ ہائوس پر پی ٹی آئی کارکنان کے دھاوے کے بعد جمعیت علما اسلام کے رہنما مولانا عبدالمجید ہزاروی کی زیر قیادت جے یوآئی کارکنان اراکین کے دفاع اور سندھ ہائوس کے لیے پہنچے تو انہیں سندھ ہائوس کے قریب پولیس نے انہیں روک دیا، جس پر جے یو آئی کارکنان نے شدید نعرے بازی کی۔ اسلام آبادپولیس نے پی ٹی آئی کے 13 کارکنان کے خلاف مقدمہ درج کیاگیا ۔ اسلام آبادمیں دفعہ 144 کا دائرہ کار وسیع کردیا گیاریڈزون کے باہر ایک کلومیٹر تک کا رقبہ بھی ریڈزون میں شامل کرکے نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا ۔تحریک انصاف یوتھ ونگ لاہور کے کارکنان نے رکن قومی اسمبلی وجیہہ قمر کے گھر کے باہر جوتے ،انڈے اور لوٹے اٹھا کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا ،کارکنان نے ٹائر جلائے اور رکن اسمبلی کے گھر کے دروازے پر چڑھ کر نعرے لگاتے رہے جبکہ ان کے گھرکی دیوار اور گاڑی پر بھی لوٹے رکھ دئیے ۔ فیصل آباد میں راجہ ریاض اور نواب شیر وسیر کیخلاف احتجاج کیا گیا، کھلاڑیوں نے ضلع کونسل چوک میں احتجاج کیا اور شدید نعرے بازی کی،ورکرز نے راجہ ریاض کی تصاویر والے پوسٹر زجلا دیئے ، پی ٹی آئی کی ضلعی قیادت نے اپوزیشن کا ساتھ دینے والے ارکان کیخلاف احتجاج کا اعلان کر دیا،حیدرآباد میں نزہت پٹھان اور رمیش کمار ، پشاور میں نورعالم خان اور دیگر ارکان کیخلاف مظاہرہ کیا گیا ۔ اسلام آباد(92نیوزرپورٹ) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سندھ ہائوس پر دھاوے پر کہا کہ خدا نہ کرے ہم خانہ جنگی کی طرف بڑھیں اس کا کوئی جواز نہیں ہے ۔ میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کارکنوں سے اپیل ہے کہ و ہ قانون ہاتھ میں نہ لیں پرامن رہیں،ہمیں اندازہ ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں میں منحرف ارکان کے خلاف غم وغصہ ہے ، کسی کو توڑ پھوڑ کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں کا سندھ ہائوس پر دھاوا بولنا پولیس کی کوتاہی اورناکامی ہے ۔ 92نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ میں نے آئی جی اسلام آباد کو صورتحال کو کنٹرول کرنے کاحکم دیاہے میں اس دھاوے کی مذمت کرتاہوں۔ فوادچودھر ی نے کہاہے کہ ارکان کو چڑیا گھر یا ویران جگہ منتقل کر دیا جائے ، سند ھ ہاؤس ایک بہت ہی حساس علاقے میں ہے ، پورا مہینہ تماشا لگا رہے گا ہم کس کس کو روکیں گے ۔ اسد عمر نے کارکنوں کو قانون ہاتھ میں نہ لینے کی ہدایت کی۔