قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ جیسے مظلوموں کے لئے اپنے قلم کے ذریعے آواز حق بلند کرنے پر میں آپ کی بے حد مشکور ہوں اور اس عظیم نیکی کے بدلے میں آپ اور آپ کے اہلخانہ کیلئے خالق کائنات کی طرف سے بیش بہا برکتوں کے نزول اور اجر عظیم کیلئے دعا گو ہوں۔ ہمارے کشمیری بھائی اور بہنوں کی کئی دہائیوں پر مشتمل طویل جدوجہد اور قربانیوں کے باعث کشمیر اس وقت پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں ایک اہم ترین حل طلب مسئلے کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے۔ ہر آنے والا دن کشمیر کے حوالے سے اہمیت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ ہماری تاریخ کے ان اہم ترین ایام کے دوران 2 ستمبر2019 ء انتہائی افسوس اور شرمناک دن بن کر سامنے آ یا ہے کیونکہ اس دن قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے امریکی قید ناحق و تنہائی میں ’’ 6000دن‘‘ مکمل ہو جائیں گے۔ قوم کی معصوم اور بے گناہ بیٹی 6000 دنوں سے انصاف کی منتظر ہے۔ عافیہ کے امریکی قید ناحق و تنہائی میں گزرنے والے ان ’’ 6000دنوں‘‘ میں سے 365دن یعنی ایک سال وزیراعظم عمران خان کے دور اقتدار میں گزرے ہیں۔ اس نازک اور مشکل گھڑی میں عافیہ کی وطن واپسی پاکستانی عوام کے مورال کو بلند کرنے اور اپنی سیاسی و عسکری قیادت پر بھرپور اعتماد کا باعث بنے گی۔ دفاع وطن اور دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے پوری قوم ہمہ وقت مستعد و تیار ہے۔ بس ہمیں اگر ضرورت ہے تو ایک ایسی قیادت کی جس پر پاکستان کے عوام بھرپور اعتماد کرتے ہوں اور انشاء اللہ عافیہ کی وطن واپسی سیاسی و عسکری قیادت پر بھرپور اعتماد کا سبب بنے گی۔ اللہ تعالیٰ وطن عزیز اور کشمیر کی حفاظت فرمائے اور شہہ رگ پاکستان کشمیر اور ناموس وطن عافیہ کو جلد آزادی نصیب فرمائے، آمین۔ اس دعا کے ساتھ آپ سے استدعا ہے کہ عافیہ کے ’’6000دن‘‘ امریکی قید ناحق میں مکمل ہونے کے موقع پر اپنے موقر روزنامہ کے اداریہ و دیگر تحریروں کے توسط سے وزیراعظم پاکستان عمران خان سمیت تمام ریاستی حکام کو عافیہ کو وطن واپس لانے کا دینی و قومی فریضہ ایک مرتبہ پھر یاد دلائیں۔