ٹوکیو، اسلام آباد ، لاہور(صباح نیوز، این این آئی،وقائع نگار،سپیشل رپورٹر ، سپورٹس رپورٹر، کلچرل رپورٹر،92 نیوزرپورٹ)ٹوکیو پیرالمپکس میں پاکستانی ایتھلیٹ حیدر علی نے ڈسکس تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کر دی ۔ حیدر علی نے تیسری باری میں 47.84 میٹر کی تھرو کی جبکہ پانچویں باری میں 55.26 میٹر دور تھرو کی جو ان کی بہترین تھرو رہی اور طلائی تمغہ جیتنے میں کامیاب رہے ۔ یوکرین کے ایتھلیٹ مائیکولا زابنیاک 52.43 میٹر تھرو کرکے دوسرے اور برازیل کے جو وِکٹر ٹیکزیرا ڈی سوزا 51.86 میٹر تھرو کرکے تیسرے نمبر پر رہے ۔حیدر علی پیرالمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔ اس سے قبل حیدر علی ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2019 میں چاندی کا تمغہ ، لانگ جمپ میں بھی دو پیرالمپک میڈلز حاصل کر چکے ہیں۔ وہ میڈل کی دوڑ میں پاکستان کی آخری امید تھے کیونکہ دوسری پاکستانی ایتھلیٹ انیلا عزت بیگ نااہل قرار دے دی گئی تھیں۔ ادھر سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم آفس کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ پر حیدر علی کے لیے پیغام میں کہا گیا کہ پاکستان کیلئے پہلا گولڈ میڈل حاصل کرنے پر آپ کو بہت مبارک ہو۔ اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے نے بھی حیدر علی کو مبارکباد دی۔ پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کامینارانے اپنے ٹویٹ میں حیدر علی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے حیدر علی کو ٹیلیفون کر کے انہیں مبارکباد دی اور ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ شکریہ حیدر علی ہمیں آپ پر فخر ہے ۔صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی نے کامیابی پر حیدر علی کو 25لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے ۔وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل ، پی ٹی آئی رہنما و سینیٹر فیصل جاوید خان، قومی کرکٹرز بابراعظم ، حسن علی ،وہاب ریاض اور سابق فاسٹ بائولر شعیب اختر نے حیدر علی کو ہیروقرار دیا ۔دریں اثنا اداکار احسن خان، مہک علی، نمرا خان، علی ظفر ، ابرارالحق ، فخرِ عالم و دیگر شوبز شخصیات نے کہا کہ پاکستان کو حیدر علی پر فخر ہے ۔