کراچی (سٹاف رپورٹر) ہم مجبور ہیں، پہلی واردات ہے ، ہمیں معاف کردینا، یہ الفاظ" ہیں شریف آباد میں کریانہ سٹور پر لوٹ مار کرنے والے ملزمان کے ، جنہوں نے نقدی کے علاوہ غذائی اجناس پر بھی ہاتھ صاف کیا۔گزشتہ روز شریف آباد کے علاقے میں نامعلوم ملزمان کریانہ سٹور لوٹ کر فرار ہوگئے ، دکاندار عتیق نے بتایا کہ اتوار کی صبح سٹور کھولا ہی تھا کہ موٹر سائیکل سوار دو مسلح ملزمان پہنچے اور موبائل فون و نقدی لینے کے بعد 10 کلو والے آٹے کے دو تھیلے ، 10 کلو سے زائد مختلف پیک دالیں، آئل اور گھی کی 10 تھیلیاں اور 5 کلو مختلف مصالحہ جات بھی لوٹے اور فرار ہوگئے ، جانے سے پہلے ملزمان نے کہا وہ انتہائی مجبوری میں چوری کررہے ہیں، یہ ان کی پہلی واردات ہے لہٰذا انہیں معاف کردیا جائے ،۔ دکاندار عتیق نے بتایا کہ واردات کے دوران ایک سیلز مین بھی آیا تو ملزمان نے اس سے بھی موبائل فون و نقدی چھین لی، ملزمان کم عمر تھے جبکہ انہوں نے چہرے چھپائے ہوئے تھے ، واقعے کے بعد پولیس کو بھی آگاہ کیا، جس پر پولیس نے قریبی سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے ، پولیس کا کہنا ہے کہ مہنگائی اور مشکل دور میں جنگ جیسی صورتحال بنتی جارہی ہے ۔