نوشہرہ (نمائندہ 92انیوز) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اتحادی جماعتوں کے ساتھ اختلافات تھے نہ ہیں ،اپوزیشن جماعتیں اپنا قبلہ درست کر لیں، نیب آزاد ادارہ ہے ، کسی کے ماتحت نہیں حساب کتاب ہر کسی سے ہوگا ،جو ملک کا مخالف ہوگا اس کے خلاف غداری کا مقدمہ درج ہوگا۔نوشہرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے کسی کا ما تحت نہیں، نیب جس کے خلاف بھی کاروائی کرے وہ ا س کا قانونی حق ہے ، کچھ لوگ نیب کو سیاسی بنانا چاہتے ہیں پاکستان میں ہر کسی کا کردار سب کو معلوم ہے چاہے ، وہ پیپلز پارٹی کے لیڈر ہوں،پی ٹی آئی کے ہوں یا مسلم لیگ ن کے سب کو اپنے گریبان میں دیکھنا چاہئے ، جس نے کرپشن کی ہے اس کے ساتھ حساب کتاب ہوگا،پہلے عوام کو دھوکہ دیا جارہاتھا اب یہ دھوکے نہیں چلیں گے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر مولانا حکومت کا تختہ الٹنا چاہتے ہیں تواسی بنیاد پر ان کیخلاف آرٹیکل 6 کا مقدمہ درج ہوگا، وزیر اعظم نے کہا کہ مولانا کو کس نے کہا کہ حکومت جانے والی ہے ، اتحادیوں کیساتھ پہلے بھی کوئی ایشو نہیں تھا اب بھی نہیں، اتحادی اور ہم ایک ہی گھرانے کے ممبر ہیں اور چھوٹی چھوٹی باتیں چلتی رہتی ہیں اور آئندہ چارسال تک اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت چلائینگے ، انہوں نے کہا کہ سبزی فروٹ ہر چیز سستی ہوگئی ، میں خود ہی کچھ دیر پہلے سبزی منڈی سے ہو کر آیا ہوں، کوئی مہنگائی نہیں، لگتا ہے میڈیا والے سبزیوں کا ریٹ نہیں پوچھتے ۔