صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی صدارت میں پنجاب حکومت نے صنعتوں کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت کی تیاری کے لئے پنجاب سکل میپنگ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت 36اضلاع میں انڈسٹری کے لئے درکار ہنر مند افراد کا ڈیٹا حاصل کیا جائے گا۔ صوبائی حکومت کا یہ منصوبہ اس لحاظ سے بھی قابل تحسین ہے کہ وطن عزیز کو آج ایسی ہی صورتحال کا سامنا ہے، جس میں ہنر مند افراد اور صنعتی کارکنوں کو کام کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ صنعتوں کو فروغ دے کر پیداوار بڑھانے کے ساتھ ساتھ ملکی برآمدات میں بھی اضافہ کیا جاسکے۔ اس کے لئے صوبائی اور وفاقی سطح پر زیادہ سے زیادہ فنی تعلیمی ادارے قائم کیے جانے ضروری ہیں ،جن کی تعداد صوبوں میں نہ ہونے کے برابر ہے۔ نہ صرف مختلف ہنروں کو سکول کی سطح پر متعارف کرایا جائے بلکہ کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر معیاری تعلیمی فنی ادارے بنائے جائیں۔ اگرچہ اس وقت آئی ٹی پر بہت زور دیا جا رہا ہے لیکن صنعتی ہنر مند افراد تیار کرنے،معیاری فنی تعلیمی اداروں کے قیا م اور غریب خاندانوں کے ہنر مند بچوں کے لئے کام کے مواقع پیدا کرنے پر توجہ نہیں دی جا رہی ۔لہٰذا ضرورت اس امرکی ہے کہ صوبائی اور وفاقی سطح پر مختلف صنعتی فنون پر مبنی ایسے ادارے قائم کئے جائیں جن کے ذریعے ہنرمند افراد کی ایک ایسی کھیپ تیار ہو جو مستقبل میں ملکی صنعتوں اور پیداوار کے فروغ کا باعث بن سکے ۔