ملتان، اسلام آباد، کراچی ، ملتان(جنرل رپورٹر، سٹاف رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ)وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی خسروبختیارآمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں نیب کے ریڈارپرآگئے ،92نیوزنے نیب کی رپورٹ حاصل کرلی۔دسمبر2018میں نیب ملتان نے خسروبختیارکیخلاف شکایت کی تصدیق کرکے ہیڈ کوارٹر بھجوا دی تھی، نیب ملتان کو6ستمبر2018میں یہ شکایت بھیجی گئی کہ جب 2004میں ایم این اے بننے کے بعد کابینہ میں شامل ہونے سے پہلے خسروبختیاراوربھائیوں کی ملکیت 5702کنال زرعی اراضی تھی۔2004میں کابینہ کا رکن بننے کے بعد خاندان کے اثاثے اربوں میں ہوگئے ،100ارب کی قریب ان کی جائیدادیں پہنچ گئی ہیں،خسروبختیارکے بھائیوں،بھابیوں اوروالدہ کے نام پر بہت سی جائیدادیں سامنے آئی ہیں،100سے زیادہ غیرملکی دورے اورالیکشن اخراجات کے باوجود اثاثوں میں اضافہ ہوا۔اثاثوں میں اربوں روپے مالیت کی شوگرملز،مکانات،پلاٹس اورزرعی اراضی شامل ہے ،بیرون ملک اثاثے بھی موجود ہیں،نیویارک اورمتحدہ عرب امارات میں بینک اکائونٹس بھی ہیں۔ لاہو،کراچی اوراسلام آباد میں خاندان کی متعددنئی جائیدادیں ہیں۔نیب ملتان کی رپورٹ نیب ہیڈکوارٹرزپہنچ چکی ہے لیکن اب تک اس کی انکوائری کا حکم نہیں دیاگیا۔ علاوہ ازیں ن لیگی رہنما خواجہ آصف کے خلاف بھی نیب کا گھیرا تنگ ہو گیا ،نیب نے خواجہ آصف کو یکم اپریل کو اثاثہ جات کیس میں طلب کر لیا، نیب ذرائع کے مطابق خواجہ آصف کو تمام ریکارڈ ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے ، نیب نے خواجہ آصف کے اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی حاصل کر لیں، یکم اپریل کو نیب میں پیشی کے دوران ان سے بیرون ملک جائیدادوں کے حوالے سے بھی پوچھ گچھ ہو گی۔ دریں اثنا پارک لین کمپنی کیس میں نیب کے سوالنامے پر آصف زرداری نے جواب تیار کرلیا۔زرداری نے نیب کے دائرہ اختیار پر سوال اٹھاتے ہوئے اپنے جواب میں کہا کہ قانون کے تحت نجی کمپنی کے معاملات پر نیب کارروائی نہیں کرسکتا، پارتھینون کمپنی کو نیشنل بینک کے ڈیڑھ ارب روپے قرض کا علم نہیں، پارک لین کمپنی 1989 میں صدرالدین ہاشوانی سے خریدی، کم عمر بلاول، اقبال میمن، رحمت اﷲ، محمد یونس، الطاف حسین شراکت دار تھے ۔سابق صدر نے کہا پارک لین کمپنی میں صرف 25 فیصد حصص کا مالک تھا، صدر بننے سے پہلے یکم ستمبر 2008 کو کمپنی ڈائریکٹرشپ سے مستعفی ہوگیا، میرا اور بلاول بھٹو کا پارتھینون کمپنی سے کوئی تعلق نہیں،پارک لین میں ایک چھوٹا شراکت دار ہوں۔ دریں اثنا سندھ ہائیکورٹ نے تیمور تالپور کی ضمانت میں دس مئی تک توسیع کردی عدالت نے تیمور تالپور کو پیر کو نیب کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا ہے ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ تیمور تالپور پیش نہیں ہوتے تو ان کی ضمانت خارج کردیتا ہوں، عدالت نے تیمور تالپور کو پیر کو نیب کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا۔ جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ میں نیب حکام نے رپورٹ پیش کی جس میں بتایا کہ غلام قادر پلیجو کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے پر تحقیقات کی لیکن ثابت نہیں ہورہی انکوائری بند کرنے کیلئے اسلامی آباد ہیڈ آفس کو سفارش بھجوادی ہے ۔ عدالت نے حتمی رپورٹ کیلئے تین مئی تک مہلت دیدی ۔