لاہور(وقائع نگار،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،92 نیوزرپورٹ)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے لاہور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین ملک امجدعلی نون نے ملاقات کی،جس میں ایل ڈبلیو ایم سی کے امور،کارکردگی آور صفائی کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیر اعلیٰ نے لاہور میں صفائی کی صورتحال میں بہتری لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متوسط اور پسماندہ آبادیوں میں صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دی جائے ۔شہر کے تمام علاقوں کو صاف ستھرا دیکھنا چاہتا ہوں ۔جلد شہر کا دورہ کر کے صفائی کی صورتحال کا جائزہ لوں گا۔لاہور کو صفائی کے لحاظ سے مثالی اور بہترین شہر بنایا جائے ۔علاوہ ازیں پنجاب کابینہ کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی کردیاگیا ، نئی تاریخ کااعلان بعد میں کیا جائے گا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے دیہی خواتین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ زرعی معیشت کو مضبوط بنانے میں دیہی خواتین کاکلیدی کردارہے ۔حکومت دیہی خواتین کی ترقی اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے سرگرم عمل ہے ۔بعدازاں چیف سیکرٹری جواد رفیق نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی اور سرکاری افسروں اور ملازمین کی طرف سے 120کروڑروپے کے چیک کے بعد مزید رقم کا عطیہ چیف منسٹر فنڈبرائے کورونا کنٹرول کیلئے دیا۔قبل ازیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ، عوام پرہجوم مقامات پرجانے سے گریز کریں۔کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے شہریوں کا پہلے کی طرح بھر پور تعاون ضروری ہے ۔