اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی) اسلامی یکجہتی کونسل کے سربراہ قاضی عبدالقدیر خاموش نے اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز سے ان کے دفتر میں ملاقات کی ، ملاقات میں ملک میں مذہبی بنیادوں پر عدم رواداری کے ماحول کو ختم کرتے ہوئے حقیقی اسلامی تعلیمات رائج کرنے کے حوالہ سے مشاورت کی گئی ۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ حقیقی اسلامی تعلیمات کے تحت رواداری اور برداشت پیدا کئے بغیر ملک میں سیاسی استحکام بھی ممکن نہیں ۔ دونوں رہنمائوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے علما اور ارباب دانش کی کوششوں سے قومی بیانیہ پر اتفاق رائے ایک بڑی کامیابی ہے ، لازم ہے کہ اسی بیانیہ کو رہنما اصول بنا کر پالیسیاں بنائی جائیں ۔ اس سلسلہ میں اسلامی نظریاتی کونسل اور اسلامی یکجہتی کونسل کی جانب سے اپنے اپنے دائرہ کار میں روداری اور برداشت کے فروغ کی خاطر سرگرمیاں جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا ۔