مظفر آباد،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ،سٹاف رپورٹر،این این آئی)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زردار ی نے کہا ہے کہ آر پار کا نعرہ لگانے والے پائوں پکڑنے کی سیاست پر آ گئے ، سیاسی حلیف کٹھ پتلی کوگرانے میں سنجیدہ نہیں ، ہم کسی کے پائوں نہیں پڑیں گے بلکہ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کریں گے ۔ گزشتہ روز آزاد کشمیر مظفر آباد میں ا نتخابی جلسے سے خطاب میں انہوں نے مسلم لیگ ن اور پی ڈی ایم پر شدید تنقید کی ۔انہوں نے کہاکہ ہم اپنے عوام کے حقوق پر سودا نہیں کرینگے آپ نہیں بھگانا چاہتے ہوتو گھر بیٹھ جائو ہم عثمان بزدار کو بھی بھگائیں گے عمران خان کو بھی ،امید ہے شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمن بجٹ کے دن غائب اراکین اسمبلی کو شوکاز نوٹس دلائیں گے ،اگر آپ نے سیاسی اتحاد اس لئے بنایا کہ ہم نے نہاری اورحلوے کھانا ہیں تو ہم اس کا حصہ نہیں بنیں گے ، عثمان بزدار اور وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائیں، ہم ساتھ ہیں ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ قبول نہیں کریں گے ،کشمیر یوں کا فیصلہ سب کو ماننا پڑیگا۔دریں اثناپیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آصف علی ذرداری بیماری کے باوجود عدالت پیش ہوئے کیونکہ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، شیری رحمن نے کہاکہ حکومت کشمیر الیکشن میں دھاندلی ضرور کرے گی، اہم ایشوز پر وزیراعظم کی کرسی خالی رہتی ہے ،نیئر بخاری نے کہاکہ مقدمات پیپلز پارٹی کے لیے کوئی نئی بات نہیں ، کشمیر میں فری اینڈ فئیر الیکشن ہوئے تو پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی۔