پیمرا نے کیبل ٹی وی آپریٹرز کو تنبیہ کی ہے کہ غیر قانونی بھارتی چینلز کی نشریات بند کی جائیں‘ صرف پیمرا کا لائسنس یافتہ ‘ منظور شدہ پاکستانی مواد نشر کیا جائے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر قبضہ جما لیا ہے، اس کے باوجود اگر ہمارے گھروں میں بھارتی چینل چلیں یا ہماری نوجوان نسل بھارتی گانوں پر رقص کرے تو پھر ہماری حمیت ،خودداری اور پاکستانیت پر کئی سوالات اٹھتے ہیں۔ پیمرا نے بھارتی چینلوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے لیکن ملک میں کئی اور طرح کے جگاڑ لگا کر بھارتی چینلوں کی نشریات دیکھی جا رہی ہیں۔ جس کی پیمرا متعدد مرتبہ تنبیہ بھی کر چکا ہے۔اس کے باوجود کئی علاقوں میں یہ مکروہ سلسلہ جاری ہے۔صاف ظاہر ہے اگر ہم بھارتی چینلز دیکھیں گے تو اس تناسب سے ان کا بزنس زیادہ ہو گا۔ پھر اسی بزنس کے تناسب سے وہ ٹیکس ادا کریں گے۔ بعدازاں اسی ٹیکس کے پیسے سے بھارت دفاعی ہتھیار خرید کر ہماری قومی سلامتی پر وار کرتا ہے‘ لائن آف کنٹرول اور مقبوضہ وادی میں جارحیت کرتا ہے۔ اس لئے اگر اہل پاکستان پیمرا کے احکامات کے مطابق بھارتی چینلز کو خود بخود ہی دیکھنا بند کر دیں تو اس سے نہ صرف بھارتی چینلز کو معاشی نقصان ہو گا بلکہ ان کی ثفافت ہماری نسل نو میں سرایت نہیں کر سکے گی یوں ہماری آنے والی نسل خالصتاً پاکستانی ہو گی۔