لاہور(اپنے رپورٹر سے )کمشنر لاہور ڈویژن ذوالفقار گھمن کی زیر صدارت لاہور میں مختلف پراجیکٹس کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی سی لاہور، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن، تمام اے سیز لاہور، سی سی او ایم سی ایل، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار اور ایم سی ایل کے تمام ایم اوز نے شرکت کی۔ کمشنر نے کہا کہ داتا دربار کے سامنے والے حصے کی تزئین و سکیورٹی وال کی تعمیر چند دنوں میں شروع ہونے جا رہی ہے ، جس سے داتا دربار کی خوبصورتی، حفاظت میں اضافہ اور ٹریفک مینجمنٹ میں مدد ملے گی۔ کنٹریکٹر کو داتا دربارپراجیکٹ 90 دنوں میں مکمل کرنے کا پابند کر دیا گیا ہے ۔ ڈیڈ لائن کے مطابق نیلا گنبد تا جی پی او مال روڈ بحال کر کے کھول دی گئی ہے ۔ کمشنر لاہور نے سی سی او ایم سی ایل کو ہدایت کی کہ بعض سڑکوں کی تعمیر کے دوران اترنے والی سٹریٹ لائٹس کے کھمبے اور لائٹس کا سٹاک چیک کرایا جائے اورپہلے ان لائٹس کو لگا کر شہر کو روشن رکھا جائے ۔ کمشنر لاہور کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 23 مین روڈز پر 4236 میں سے 3584 لائٹس روشن ہیں۔ شہرکی کل 266506 میں سے 186581 لائٹس روشن ہیں۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ شہر میں 74 فیصد روشن لائٹس کو سو فیصد پر لانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جائے تاکہ مہیا وسائل کیساتھ زیادہ سے زیادہ کام کیا جاسکے ۔ لاہور کے پانچوں اے سیز کے تحت مختلف سڑکوں پر وال چاکنگ، بھکاری پن کے خاتمے ، سٹریٹ لائٹس کی چیکنگ اور صفائی کو مانیٹر کرنے کیلئے باقاعدہ کمیٹیاں بنائی جارہی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر جوابدہ ہوں گی۔