لاہور( سٹاف رپورٹر) بحرین کی پارلیمنٹ کے رکن عادل بن عبدالرحمٰن المعادۃ نے کہا ہے کہ حکومت بحرین کشمیر کی صورت حال کو مسلسل مانیٹر کر رہی ہے ، مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل ہونا چاہیے ، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ہمیں سخت تشویش ہے ،ہم کشمیر کی آزادی کے لیے دعا گوہیں،امت مسلمہ کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا چاہیے ، طاغوت نے ہمیشہ اسلام اور مسلمانوں کونشانہ بنایا۔پاکستان عالم اسلام کا قلعہ ہے ، بحرین پاکستان کے استحکام اور ترقی کا ہمیشہ خواہاں رہا ہے ۔اس امر کا اظہار انہوں نے مرکز اہل حدیث راوی روڈ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ اسلام ہی وہ واحد مذہب ہے جس نے اتحاد و اتفاق اور اجتماعیت کا مثبت تصور امت مسلمہ کے سامنے پیش کیا۔ امت مسلمہ کے اندر اتحاد و اتفاق اوراجتماعیت کے جذبہ کو بڑھانے کیلئے اسلامی عبادات خاص طور پر نماز کیلئے جماعت کی تاکید کی گئی اور جمعہ و عیدین میں مسلمانوں کے اجتماع کا خاص اہتمام کیا گیا،تاکہ ملت اسلامیہ کا باہمی اتحاد و اتفاق اور مرکزیت قائم رہے انہوں نے جمعہ کے اختتام پر کشمیر کی آزادی کے لیے ،عالم اسلام کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا کرائی۔