لاہور(عمران راج ) ریڈیو پاکستان لاہور شدید مالی بحران کا شکارہو گیا ،عمران سردار کے بعد اب سینئر کنٹریکٹ سٹاف محمد نعیم شیخ اور موسیقار فیاض علی خان(فیاض ندیم) میو ہسپتال میں اپنے مسیحا کے انتظار میں ہیں، سی پی یو لاہور کا کنٹریکٹ گٹارسٹ عدیل منوں مٹی تلے چلا گیا جبکہ انتظامیہ نے مرحوم کے جائز حق کو وراثت کا معاملہ بنا تے ہوئے واجبات کی ادائیگی کے لئے بیوہ سے عدالت کا آرڈر مانگ لیا۔ ۔ عدالتی آرڈر 20000 جبکہ مرحوم کے واجبات 16000 ہیں،سٹیشن ڈائریکٹر اور سی پی یو کنٹرولر غریب کنٹریکٹ ملازمین کو 3 مہینے سے تنخواہ دلانے اورمیو ہسپتال میں زیر علاج سینئرزکو بیماری کے حوالے سے فنڈز ریلیز کرانے میں ناکام ہیں ، ذرائع کے مطابق جب سے ڈی جی ریڈیو پاکستا ن اور سٹیشن ڈائریکٹر کے حکومتی عہدوں پر خواتین کو تعینات کیا گیا ہے مسائل حل ہونے کی بجائے بڑھتے جارہے ہیں ،کنٹریکٹ سٹاف کا کوئی والی وارث نہیں،متاثرہ لوگوں نے وزیر اعظم عمران خان ،معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان سے معاملے پر فوری نوٹس لینے کی استدعاکردی۔ ڈی جی ریڈیو نزاکت شکیلہ سے 92 نیوز نے موقف لیا تو ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے ہمیں گرانٹ دیر سے ملی جس کی وجہ سے سیلریاں لیٹ ہوئی ہیں جب ان سے مرحوم گٹارسٹ عدیل کو نہیں جانتی، اس کا کیس دیکھ کر آگاہ کروں گی۔جبکہ ریڈیو کنٹریکٹ ملازمین کے مطابق ان کو بھی تنخواہیں ابھی تک نہیں ملیں۔