بنگلورو( ویب ڈیسک) امریکی اسپیس ایجنسی ناسا اسپیس اسٹڈی کے تحت دو مہینے سونے کے 14 لاکھ روپے دیتی ہے ۔ اب کچھ ایسا ہی ہندستان میں شروع ہونے کو ہے ۔ کرناٹک میں واقع بنگلورو کی ایک آن لائن فرم ویک فٹ نے کہا ہے کہ وہ 100 دنوں تک ہر روز رات میں 9 گھنٹے سونے والے شخص کو 1 لاکھ روپے دے گی۔ آن لائن سلیپ سولیوشن فرم نے اپنے اس پروگرام کو ویک فٹ سلیپ انٹرن شپ کا نام دیا ہے جہاں منتخب کئے گئے کینڈیڈیٹس کو 100 دن تک رات کو 9 گھنٹے سونا ہوگا۔ منتخب کینڈیڈیٹس کمپنی کے گدے پر سوئیں گے ۔ اس کے ساتھ ہی وہ سلیپ ٹریکر اور ماہرین کے ساتھ کاؤنسلنگ سیشن میں حصہ بھی لیں گے ۔ حالانکہ جو لوگ اس انٹرن شپ پروگرام میں شارٹ لسٹ ہوں گے انہیں کمپنی کو ویڈیوز بھیجنا ہوگا جس میں انہیں یہ بتانا ہوگا کہ نیند انہیں کتنی اچھی لگتی ہے ۔ اگر آپ بھی یہ انٹرن شپ کرنا چاہتے ہیں تو اس کیلئے کمپنی کی ویب سائٹ پر جائیں اور اپلائی کریں۔